حوثیوں کا 2 سعودی تیل برداز بحری جہازوں پر حملہ، تیل کی عالمی قیمت 100 ڈالر بیرل سے اوپر، شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے رابطہ : ٹرمپ نے ایران پر سب سے بڑے حملے کی دھمکی دیدی

حوثیوں کا 2 سعودی تیل برداز بحری جہازوں پر حملہ، تیل کی عالمی قیمت 100 ڈالر بیرل سے اوپر، شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے رابطہ : ٹرمپ نے ایران پر سب سے بڑے حملے کی دھمکی دیدی

فیصلہ کرنے کے بالکل قریب ہوں:امریکی صدر ، خطے میں امریکی شہریوں کو ہنگامی سفری صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت ، ایران کو معاہدے تک ہر رات بھاری قیمت چکانی پڑے گی :مارکو روبیو، پاسداران انقلاب کی برطانوی فوجی اڈے کو نشانہ بنانیکی وارننگ میں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم سعودی عرب کیساتھ کھڑی ہے :وزیراعظم ،امریکی کانگریس میں جنگ کیخلاف قرارداد منظور ، سینیٹ میں مسترد ،ہمارا تیل فروخت نہیں ہو گا تو کسی کا بھی نہیں ہونے دینگے :ایران

واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران میں بڑی جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ ایکسیوس کے ساتھ مختصر انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں ایک انتہائی شدید اور بڑے حملے پر غور کر رہا ہو ں ، اتنا بڑا حملہ جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ میں فیصلہ کرنے کے بالکل قریب ہوں۔ ہم اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ایک مختصر انٹرویو میں ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ اس طرح کے فیصلے کے اثرات ہوں گے اور اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی مذاکرات تو کرنا چاہتے ہیں لیکن اس وقت وہ کسی معاہدے کے لیے تیار نہیں ہیں، اور ساتھ ہی انہوں نے اضافہ کیا: انہیں ابھی تک کافی تکلیف نہیں پہنچی ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں خطے میں موجود امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایران جنگ کے نتیجے میں پروازوں کی ممکنہ منسوخی اور فضائی سفر میں رکاوٹوں کی وجہ سے ہنگامی سفری حالات کے لیے تیار رہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر سب سے بڑے حملے  کی دھمکی دی گئی ہے ۔قبل ازیں یمنی حو ثی جنگجوؤں نے بحرِ احمر میں دو سعودی تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ کیا، جس سے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ دوسرے بڑے سمندری تجارتی راستے تک پھیل گئی ہے ۔اس بات کے امکان نے کہ یہ خلل دوسرے سمندری راستے تک پھیل سکتا ہے ، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں جنگ کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا اضافہ کر دیا ہے ۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 6 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ مئی کے بعد پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔سعودی عرب کے تیل بردار بحری جہازوں پر یمن کے حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‘اس نازک وقت میں وہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔’وزیرِ اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ‘جمعرات کی صبح سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔’

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‘اس نوعیت کی کارروائیاں ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں، جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں۔’بیان کے مطابق شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور خطے میں قانونی سمندری تجارت کے بلا تعطل بہاؤ، امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ امریکی فوج نے ایران پر رات کے وقت فضائی حملوں کا ایک اور سلسلہ شروع کیا، جس کے جواب میں ایران نے امریکی اڈوں والے پڑوسی عرب ممالک پر بھی فائرنگ کی۔ حوثیوں کی جانب سے دو ٹینکرز کو نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد، ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگجوؤں کے کسی بھی مزید حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرائیں گے ۔ ایرانی سپیکر محمد باقر قالیباف نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ ‘‘اگرہم تیل نہیں بیچیں گے تو کوئی اور بھی تیل نہیں بیچ سکے گا ۔

امریکی ایوانِ نمائندگان نے جمعرات کے روز ایک قرارداد کی منظوری دی جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف امریکی عسکری کارروائیاں روکنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اسکے حق میں 214 اور مخالفت میں 208 ووٹ آئے ۔ چار ریپبلکن ارکان نے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر اس کے حق میں ووٹ دیا۔ تاہم امریکی سینیٹ نے 47 کے مقابلے میں 49 ووٹوں سے اس قرار داد کو روک دیا ۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جنوب مشرقی ایشیا میں ایک سفارتی اجلاس کے دوران کہا کہ ایران کو اس وقت تک ہر رات بھاری قیمت چکانی پڑے گی جب تک کہ تہران ایک ایسے امن معاہدے کے لیے تیار نہیں ہو جاتا جس پر وہ قائم رہ سکے ۔انہوں نے کہا: "ایران روزانہ (معاہدے کی) التجا کر رہا ہے ۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہر بار جب وہ کوئی معاہدہ کرتے ہیں... تو یا تو اسے توڑ دیتے ہیں یا اسے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اور شاید وہ اگلے چند دنوں میں اپنا ذہن بدل لیں کیونکہ انہیں مسلسل بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ امریکا نے ایران پر حملے کے لیے برطانیہ کے فیئرفورڈ فضائی اڈے پر موجود بی-1 بمبار طیاروں کا استعمال کیا، لندن کو خبردار کیا کہ ایران کی سرزمین پر حملے کے لیے استعمال ہونے والا کوئی بھی اڈہ ‘جائز ہدف’ ہوگا۔حوثیوں کا کہنا ہے کہ ان کی افواج نے سعودی آئل ٹینکرز 'اینسیلیا' اور 'لیلیٰ' پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایک بحری سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 'اینسیلیا' نے بدھ کی رات یمن کے شمال میں واقع سعودی بندرگاہ جیزان کے قریب میزائل لگنے کی اطلاع دیتے ہوئے مدد کا ہنگامی پیغام بھیجا تھا۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اس حملے کے باعث جہاز کے اگلے حصے میں آگ لگ گئی۔ حوثیوں کی جانب سے بحرِ احمر میں ناکابندی کے اعلان کے بعد کے دنوں میں، متعدد ٹینکرز نے باب المندب سے بچنے کے لیے اپنے راستے تبدیل کر لیے ہیں اور نہرِ سویز کے ذریعے شمال کی طرف جا رہے ہیں، تاکہ افریقہ کے گرد چکر لگا کر ایشیائی گاہکوں تک پہنچنے کا طویل اور مہنگا راستہ اختیار کیا جا سکے۔

شپنگ ڈیٹا کے مطابق، 40 لاکھ بیرل تیل لے جانے والے دو چینی سپر ٹینکرز جمعرات کے روز باب المندب سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ایران نے کہا ہے کہ اس نے اردن میں امریکی میزائل سسٹمز، اسلحے اور ایندھن کے ذخائر کے علاوہ کویت میں امریکی فوجی چوکیوں پر بھی حملے کیے ہیں۔علاوہ ازیں اردن کی فوج نے بتایا کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار ایرانی میزائلوں اور چھ ڈرونز کا مقابلہ کیا اور ایک میزائل کے علاوہ تمام کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جو ایک غیر آباد علاقے میں جا گرا۔ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرم نیا نے ایرانی سرکاری ٹی وی پر بتایا کہ جب تک امریکا ایران کے بنیادی ڈھانچے اور ساحلی علاقوں پر حملے جاری رکھے گا، ایران جواب دیتا رہے گا۔تیل کی بلند قیمتیں عالمی سطح پر مہنگائی کو ہوا دے رہی ہیں، جس کے باعث نومبر میں ہونے والے کانگریسی انتخابات سے قبل ٹرمپ کے ریپبلکن اتحادیوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...