بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گے، دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچوں کو ہر جگہ سے ختم کیا جائیگا : فیلڈ مارشل
بیرونی سرپرستی میں کام کرنیوالے پراکسی عناصر امن خراب کرنے کیلئے بلوچستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ، عوامی تعاون سے عزائم ناکام بنائیں گے :سی ڈی ایف عاصم منیر روشن مستقبل کیلئے قومی اتحاد کی ضرورت، وفاقی و صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کر رہیں، ورکشاپ کے شرکا سے خطاب
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گے ،دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے جہاں بھی موجود ہوں انہیں ختم کیا جائے گا۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پورے عزم کے ساتھ جاری رہیں گے ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں اورعوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنا ئیں گے۔
فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، ملک اور عوام کیلئے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے جہاں بھی موجود ہوں انہیں ختم کیا جائے گا۔ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، یہ عناصر استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن خراب کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، حوصلے اور بھرپور تعاون سے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گی۔سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے ، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے ، یہاں کے باہمت، محب وطن اور ثابت قدم عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ اور بلوچستان میں پائیدار امن و خوشحالی کے لیے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کا مثبت کردار قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کیلئے قومی اتحاد، ثابت قدمی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اجلاس کے اختتام پر شرکا کے ساتھ کھلے اور جامع انداز میں تبادلہ خیال کیا، شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments