کاروباری شراکت سے پاک چین دوستی بڑھے گی : وزیراعظم
4.6ارب ڈالر آئی ٹی برآمدات پر ٹیم کو شاباش،انفراسٹرکچربہتر بنانے کی ہدایت
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کاروباری شراکت سے پاک چین دوستی بڑھے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کمپنی فیمسن کے چیف ایگزیکٹو افسر جیک چین کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے چینی کمپنی کا پاکستان میں اجناس کے سٹوریج کے مراکز کو سٹیٹ آف آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ اس منصوبے سے ملک میں زراعت کے سیکٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کی افرادی قوت کی ہنر مندی اور تربیت کو ان منصوبوں کا حصہ بنایا جائے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 21 فیصد اضافے کیساتھ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تمام ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کیلئے لئے جانے والے اقدامات پالیسیوں کا ثمر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ٹی شعبے کی سٹرٹیجک روڈ میپ پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ آئی ٹی کے شعبے میں دئیے جانے والے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔
آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل سپیکٹرم کی دستیابی جون 2025 میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026 میں 880 میگا ہرٹز ہو گئی۔ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے ۔حکومت پاکستان کی 130 سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے ۔ویمن انوویشن اینڈ سٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب کے منصوبہ کا افتتاح جلد ہی ہو گا۔
چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی حکومت کی کئی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت کے نفاذ اور اس حوالے سے کئی منصوبے اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے بہبود آبادی کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہئے ۔ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے ۔ بہبود آبادی کے اقدامات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جائے ۔وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments