آمنہ ہاشمی کی پولیس کارروائی کیخلاف درخواست، رپورٹ طلب

آمنہ ہاشمی کی پولیس کارروائی  کیخلاف درخواست، رپورٹ طلب

ملتان(کورٹ رپورٹر)مخدوم جاوید ہاشمی کی صاحبزادی اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ آمنہ جاوید ہاشمی نے الزام عائد کیا ہے کہ چند روز قبل رات کے وقت پولیس کی بھاری نفری نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جس کے دوران گھر کے تقدس کو پامال کیا گیا اور خواتین کو ہراساں کیا گیا۔

ہائی کورٹ ملتان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے درخواست آر پی او کو بھجواتے ہوئے متعلقہ حکام کو چار ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔آمنہ جاوید ہاشمی نے مزید الزام لگایا کہ ان کے گھریلو ملازمین کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے ، ان کے موبائل فون لے لئے گئے ، جبکہ رہائش گاہ کے بجلی کے میٹر بھی مبینہ طور پر اتار دیئے گئے ، جس کے باعث گھر بجلی سے محروم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو مکمل طور پر قانونی اور آئینی طریقے سے آگے بڑھائیں گی اور تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کئے جائیں گے ۔ ان کے مطابق ضابطہ فوجداری کی دفعہ ‘‘22-A’’ کے تحت بھی قانونی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے ۔آمنہ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ قانون اور آئین کا احترام ہر شہری پر لازم ہے اور انہیں یقین ہے کہ انصاف قانونی تقاضوں کے مطابق ضرور فراہم کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...