پیپلزپارٹی کو مینار پاکستان پرجلسے کی اجازت،تیاریاں شروع
100 فٹ لمبا سٹیج ،صدر زرداری کی سالگرہ کا 24فٹ اونچا کیک کاٹا جائے گا گیٹ نہیں توڑا،ڈپٹی کمشنر نے تعاون نہ کیا تو خود پانی نکالیں گے ،صدر پی پی لاہور
لاہور (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور نے مینارِ پاکستان میں صدرِ آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد کارکنوں نے انتظامات کا آغاز کر دیا ہے ،تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن علی کے نام ایک باضابطہ خط ارسال کیا جس میں انہوں نے آگاہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر نے انہیں مطلع کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ نے صدرِ آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔
خط میں فیصل میر نے استدعا کی کہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ پیپلز پارٹی لاہور کو فوری طور پر مینارِ پاکستان کے مقام تک رسائی دی جا سکے تاکہ تقریب کی تیاریاں شروع کی جا سکیں، فیصل میر نے مینارِ پاکستان پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جلسے کی اجازت پر ان کے شکر گزار ہیں ،انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈپٹی کمشنر نے تعاون نہ کیا تو وہ خود گراؤنڈ سے پانی نکال لیں گے ۔فیصل میر کے مطابق جلسے کے لیے سو فٹ لمبا اور چوبیس فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا جا رہا ہے جہاں گلوکار ملی نغمے پیش کریں گے ، جبکہ چھبیس جولائی کو بارہ بج کر ایک منٹ پر صدر زرداری کی سالگرہ کا چوبیس فٹ اونچا کیک کاٹا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ کارکنوں نے مینارِ پاکستان کا گیٹ توڑا ہے اور کہا کہ گیٹ پہلے ہی کھلا ہوا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments