ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

 ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

سفارتی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور ،باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ نائب وزیراعظم کی کرغز، تاجک، ازبک، قازق وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں

اسلام آباد،بشکیک (دنیا نیوز ، ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابط  کیا ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور پاکستان و سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کی توثیق کی ،گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے سفارتی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، قازقستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی ، عوامی روابط اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے لئے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا۔

اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کُلوبائیف نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے اور دونوں صدور کے حالیہ دوروں میں طے پانے والی مفاہمتوں پر بروقت عملدرآمد پر زور دیا ، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ کاری، کاروباری تعاون اور عوامی روابط کے فروغ سمیت علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات کے فروغ، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور رابطہ کاری میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ تاجک وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور تنازعات کے پرامن حل کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف کے ساتھ ملاقات میں سٹر ٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے ، اقتصادی تعلقات، کاروباری روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے ازبک صدر شوکت مرزیایوف کے حالیہ دورۂ پاکستان میں طے پانے والی مفاہمتوں پر جلد عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ازبک وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے ملاقات میں صدر قاسم جومارت توقایف کے دورۂ پاکستان کے بعد تعلقات میں پیش رفت اور 37 مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی، علاقائی روابط اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ قازق وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو قازقستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریژینکوف سے ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، دفاعی، زرعی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے 11 اور 12 اگست 2026 کو اسلام آباد میں پاک ،بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے انعقاد اور 2025 تا 2027 کے جامع تعاون کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ بیلاروسی وزیر خارجہ نے امریکا ،ایران مکالمے میں پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے میں امن کے لیے اس کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ ادھر چین نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے لئے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں اسلام آباد کے کردار کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ۔یہ اظہارِ خیال چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار فلپائن اور کرغزستان کے کامیاب سفارتی دورے مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...