ٹیکس چوری کیساتھ ترقی ناممکن، بڑے کیسز کا سراغ لگایا : وزیر خزانہ

ٹیکس چوری کیساتھ ترقی ناممکن، بڑے کیسز کا سراغ لگایا : وزیر خزانہ

نئے ماڈل سے ایف بی آر کی کارکردگی ،شفافیت میں نمایاں بہتری آئیگی:اورنگزیب

لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ٹیکس چوری کے ساتھ کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا اس لیے حکومت ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے ،حکومت نے سیلز ٹیکس چوری کے بڑے کیسز کا سراغ لگایا جس کے نتیجے میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز( لمز) میں ایف بی آر کے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرام کی اختتامی اور سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا شہباز شریف کی انہیں ہر مرحلے پر بھرپور حمایت حاصل رہی ہے اور حکومت ٹیکس پالیسی اور ٹیکس انتظامیہ میں بہتری کے لیے مربوط انداز میں کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں ایک نیا ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے ادارے کی کارکردگی، شفافیت اور استعداد میں نمایاں بہتری آئے گی۔محمد اورنگزیب نے تربیتی پروگرام مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری اور جدید علم کی بدولت ادارے میں مثبت تبدیلی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ افسران ایف بی آر کو ایک جدید، موثر اور عوام دوست ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان 2047 میں آزادی کے سو سال مکمل کرے گا تو 2026 میں شروع کیا گیا یہ پروگرام ایک ایسے سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے ادارہ جاتی اصلاحات اور تبدیلی کی بنیاد رکھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین محمد راشد لنگڑیال نے کہا کہ ایف بی آر کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت موثر ٹیکس نظام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے اسی مقصد کے تحت ایسے تربیتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے ۔چیئرمین ایف بی آر نے پروگرام میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جو افسران اس مرتبہ کامیاب نہیں ہو سکے وہ آئندہ سال مزید محنت کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا راز مسلسل محنت اور لگن میں پوشیدہ ہے ۔تقریب کے اختتام پر کورس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران میں ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...