کینسر، ذیابیطس سمیت 52 جان بچانے والی نئی ادویات کی قیمتوں کی منظوری
منظوری ذیلی کمیٹی نے دی ، کابینہ کی حتمی منظوری ،ڈریپ نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قانونی فروخت ممکن ہوگی معیاری ادویات کی دستیابی بہتر ،مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی ، غیر قانونی سپلائی میں کمی آئیگی ، وزیر خزانہ
اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے کینسر، ذیابیطس سمیت 52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی ،وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے تمام 52 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دی، منظور شدہ ادویات میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا اور پارکنسن کی ادویات شامل ہیں۔ادویات کی قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، جس کے بعد ڈریپ قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے بعد ادویات قانونی طور پر پاکستان میں فروخت ہو سکیں گی۔ منظور شدہ ادویات میں کینسر کی جدید امیونو تھراپی دوا کی ٹروڈا، جو دنیا بھر میں 20 سے زائد اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتی ہے ، نیوو لومیب، ڈاسا تینیب، مر وپینم اور انسولین بھی شامل ہیں ،وزیر خزانہ نے ادویات کی قیمتوں کے فیصلوں میں شفافیت اور عوامی مفاد پر زور دیا، حکام کے مطابق فیصلے سے معیاری ادویات کی دستیابی بہتر اور غیر قانونی سپلائی پر انحصار کم ہو گا ۔وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکر ٹر ی صحت ،ڈریپ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments