شیخوپورہ:بس پر تار گرنے سے کنڈیکٹر جاں بحق، 6 زخمی
بس سیالکوٹ سے فیصل آباد جارہی تھی، ذوالفقار موقع پر دم توڑ گیا پوری بس میں کرنٹ آجانے پر متعدد مسافروں نے چھلانگیں لگادیں
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شیخوپورہ کے علاقہ بھکھی ہیڈ روشن دین کے قریب مسافر بس پر بجلی کے تار گرنے سے کنڈیکٹر جاں بحق جبکہ 6افرادبری طرح جھلس گئے ،جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے ۔بتایا گیا ہے کہ نجی کمپنی کی مسافر بس سیالکوٹ سے فیصل آباد جارہی تھی، ہیڈ روشن دین کے قریب پہنچی تو سڑک کے اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تاراچانک بس کے اوپر آگرے ، شدید کرنٹ لگنے سے 35 سالہ بس کنڈیکٹر ذوالفقار علی موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ 6 افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے چار زخمیوں شاہ زیب ،افتخار علی ،مٹوو دیگر کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا ، جبکہ دو زخمیوں شمشاد علی اور منشاء کوموقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی ۔عینی شاہدین کے مطابق پوری بس میں برقی رو آجانے سے متعدد مسافروں نے بس سے چھلانگیں لگادیں۔اسی دوران چند بہادر مسافروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر لکڑی کی مدد سے بجلی کے تار کو بس سے الگ کیا، جس سے مزید قیمتی جانیں بچ گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments