دہشت گرد تنظیموں میں مالی لالچ د یکر بھرتی کا انکشاف
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں گرفتار فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سے دوران تفتیش ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں ، گرفتار دہشت گرد حبیب اللہ کا تعلق ضلع خضدار کی تحصیل اورناچ کے علاقے سیراندوہ سے ہے۔
حبیب اللہ نے انکشاف کیا کہ دہشت گرد تنظیم نے اسے جھوٹے وعدے اورمالی لالچ دے کر بھرتی کیا، چنل دشت منتقل کرکے ذہن سازی اوربعد ازاں سرگڑھ کیمپ میں تربیت دی گئی۔ دہشت گرد حبیب اللہ نے بتایا کہ سرگڑھ کیمپ میں اسلحہ، بارودی مواد اور گھات لگا کر حملہ کرنے کی تربیت دی گئی، دہشتگرد حملوں کے بعد شناخت چھپانے اور فرار ہونے کے طریقے بھی سکھائے گئے ، صرف 25 ہزار روپے کے عوض اپنے بلوچ بھائیوں کے خون سے ہاتھ رنگے ۔دہشت گرد حبیب اللہ نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کی پراکسی بی وائے سی کے دھرنوں کے دوران میری نشاندہی ہوئی، اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد، خوراک اور ادویات دہشتگرد گروہوں تک پہنچاتا رہا، سنارو کیمپ، خضدار، نال اوربیلہ سمیت متعدد حملوں میں شریک رہا۔حبیب اللہ نے بتایا کہ ہر دہشتگرد کارروائی سے قبل اسلحہ، ہدایات اوررابطے دہشتگرد تنظیم فراہم کرتی رہی، تمام دہشت گرد کارروائیوں میں حصہ لینے کے پیسے دیے جاتے ہیں، خضداراور بیلہ دہشت گرد حملے کے بعد 25، 25 ہزار روپے بطورمعاوضہ دیے گئے ۔گرفتار دہشتگرد حبیب اللہ نے بتایا کہ خضدار پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق ہوئے، میرے اکثرساتھی کام نہ ہونے کی وجہ سے دہشتگرد تنظیم میں شامل ہوئے تھے، دہشتگرد تنظیم خواب کا جھانسہ دیکر لے جاتی ہے اورپھربلیک میل کرتی ہے تاکہ کوئی بھی واپس نہ جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments