پرتشدد جتھے نے حالات خراب کرنیکی کوشش کی، کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچانے دیا جائیگا : وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت

پرتشدد جتھے نے حالات خراب کرنیکی کوشش کی، کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچانے دیا جائیگا : وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت

ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا، احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی جا رہی ،کشمیریوں نے شرپسند وں کو مسترد کردیا :عطا تارڑ ، طلال، احتجاج کے پیچھے بھارتی سپانسرڈ لوگ :خواجہ آصف کالعدم ایکشن کمیٹی میں فتنہ الخوارج کے افراد، سنائپر بھی موجود ،خواتین،بچوں کوڈھال بنارکھا ، فائرنگ سے 5 اہلکار زخمی ہوئے :سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر ، ترجمان پولیس

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پرتشدد جتھے نے آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنیکی کوشش کی ،کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور نہ ہی کسی کو دھونس اور تشدد کے زور پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت دی جائے گی،وزیر اطلاعات نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے شرپسند عناصر  کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ،انہوں نے کہا کہ پُرتشدد جتھوں کو کشمیر کی ترقی اور پرامن انتخابات ہضم نہیں ہوئے جبکہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کامیاب انتخابات کو متنازعہ بنانے کی ناکام کوشش کی ،عطا تارڑ نے کہا کہ پرتشدد جتھے کے ارکان سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا، تاہم آزاد کشمیر کے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا اور میرپور ڈویژن میں 6 لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ شرپسند عناصر کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی تحریک حقوق دلانے کی نہیں بلکہ حقوق چھیننے کی تحریک ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر شامل ہیں اور احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی جا رہی ہے ،طلال چودھری کا کہنا تھا کہ عوامی احتجاج میں اسلحہ استعمال نہیں ہوتا، یہ عناصر کشمیری عوام سے ان کے ووٹ کا حق چھیننا چاہتے ہیں جبکہ کشمیری عوام نے ووٹ کی طاقت سے اپنا فیصلہ واضح کر دیا ،انہوں نے مزید کہا کہ 38 میں سے 37 مطالبات پہلے ہی تسلیم کئے جا چکے ہیں، اس لئے احتجاج بلاجواز ہے ، ان کے مطابق پرتشدد احتجاج کے ذریعے انتخابات رکوانے کی کوشش کی گئی، تاہم عزائم ناکام ہونے پر شرپسند عناصر فساد پر اتر آئے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاج کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے پیچھے موجود لوگوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے پیچھے بھارتی سپانسرڈ لوگ موجود ہیں جو یہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جس طرح کے الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں، کوئی بھی محب وطن پاکستانی ایسے الفاظ استعمال نہیں کر سکتا، چاہے وہ کشمیری ہو، پنجابی، بلوچی یا پٹھان ہو۔

 اسلام آباد (بیورو رپورٹ ، دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں )آزاد کشمیر حکومت نے راولاکوٹ احتجاج میں موجود عناصر کو مسلح دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی ، سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر راشد حنیف اور ترجمان پولیس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں شرپسند اور فتنہ الخوارج کے لوگ شامل ہیں، ڈی آئی جی پولیس عرفان مسعود کشفی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں موجود عناصر پرامن مظاہرین نہیں بلکہ مسلح افراد ہیں ،مسعود کشفی نے دعویٰ کیا کہ مسلح عناصر کے پاس جدید اسلحہ ،سنائپرز موجود ہیں، فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید افسر سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوئے ، ترجمان آزادکشمیر پولیس نے کہا کہ ان عناصر کے پاس جدید اور خودکار اسلحہ موجود ہے ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ، ا ن عناصر نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں دہشتگرد اور فتنہ الخوارج موجود ہے ، کمیٹی میں عوام کم ہیں ، اس تحریک میں دہشتگردوں کے شامل ہونے کے اداروں کے پاس ثبوت موجود ہیں ، انہوں نے ہدایت کی کہ عوام انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ جڑے رہیں تاکہ وہ گمراہ کن معلومات سے بچ سکیں ، انہوں نے مزید کہا کہ راولاکوٹ سے ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا گیا ، جس کے قبضے سے ایم ایٹ رائفل برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بیرونِ ملک سے آیا تھا اور مبینہ طور پر سنائپر کے طور پر تربیت یافتہ تھا ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندے زوہیب خالد کی جانب سے بد امنی پھیلانے کیلئے کارندوں کو جدید امریکی ساختہ ایم فور رائفلیں فراہم کئے جانے کا انکشاف ہوا ، گرفتار شرپسند کے قبضے سے امریکی ساختہ رائفل برآمد کر لی گئی۔ گرفتار کارندے کا کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے رینجر /پولیس کے ایک جوان کو مارنے پر ایک کروڑ روپے انعامی رقم مختص ہے ، گرفتار کارندے کے انکشافات اور ویڈیو شواہد نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی غیر مسلح ہونے کے نام نہاد دعوئو ں کا پول کھول دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...