ڈیزل چار سو کراس کرنے پرپبلک ٹرانسپورٹ کاکرایہ بڑھنے کاامکان
کرایوں میں مزید5 فیصد اضافے بارے فیصلہ نئی پٹرولیم قیمتوں کے اجرا پرکیا جائیگا چار سو روپے لٹر ڈیزل کا سلیب مقرر کرنیکی تیاری جسکے تحت مزید کرایہ نہیں بڑھے گا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے سفری اخراجات بھی بڑھادئیے ۔ گزشتہ 9 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت مختلف مراحل میں 65روپے لٹر تک بڑھائی گئی، جسکے بعد پبلک ٹرانسپورٹ اور منی مزدا کے کرایوں میں تقریباً15فیصد اضافہ کیا جا چکا ہے ۔پہلے مرحلے میں ڈیزل کی قیمت میں35روپے لٹر اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں10فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ بعد ازاں قیمتوں میں مزید اضافے پر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں مزید5فیصد اضافہ نافذ کر دیا۔اب ٹرانسپورٹ سیکٹر کی نظریں آئندہ پٹرولیم قیمتوں کے اعلان پر مرکوز ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے چار سو روپے فی لٹر ڈیزل کی سلیب مقرر کرنے کی تیاری کر لی جسکے تحت موجودہ قیمتوں پر مزید کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نئی قیمتوں کے تعین کے بعد ڈیزل کے نرخ چار سو روپے لٹر سے تجاوز کرتے ہیں تو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے مزید 5 فیصدبڑھانے کی منظوری دی جا سکتی ہے ۔کرایوں میں ممکنہ اضافے سے متعلق باضابطہ فیصلہ نئی پٹرولیم قیمتوں کے اجرا پرکیا جائے گا، جسکے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ اور آرٹی اے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرینگے ۔ فی الحال موجودہ کرایہ نامہ برقرار رہے گا تاہم نئی قیمتوں کا اعلان ہوتے ہی عوام پر سفری اخراجات کا مزید بوجھ پڑنے کا امکان موجود ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments