آزاد کشمیر میں قومی حکومت ،ایک ہی دن الیکشن:بیرسٹر گوہر کا مطالبہ
بانی تحریک انصاف سے ملاقات ہی موجودہ سیاسی حالات میں بہتری کی کنجی ہے کالعدم تحریک طالبان کے حامی نہیں،گفتگو،پشاور میں 5اگست کو بڑے جلسے کا اعلان
اسلام آباد(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت مستعفی ہو جائے ، قومی حکومت قائم کر کے پورے آزاد کشمیر میں ایک ہی روز شفاف انتخابات کرائے جائیں ، 5 اگست کو پشاور میں بڑے جلسہ کا اعلان کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور ا س سے نمٹنے کا طریقہ کار الگ ہونا چاہیے ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہی موجودہ سیاسی حالات میں بہتری کی کنجی ہے ، اگر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تو حالات میں واضح تبدیلی آئے گی،انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کسی صورت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حمایت نہیں کرتی۔
آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے باعث ٹرن آؤ ٹ صرف 5 سے 7 فیصد رہا، جو نہ ہونے کے برابر ہے ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ 27 جولائی کو انتخابات کے نام پر دھاندلی کی گئی، پی ٹی آئی قیادت کو آزاد کشمیر جانے سے روکا گیا،گولی و لاٹھی سے مسائل حل نہیں ہو سکتے ،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالات انتہائی سنگین ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عوامی تحریک کے مطالبات جائز تھے مگر ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار انتخابات کے ذریعے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے ، چیف آرگنائزر پی ٹی آئی آزاد کشمیر حمید پوٹھی نے کہا کہ دو جماعتوں کو ہی اقتدار دینا تھا تو انتخابات کرانے کی ضرورت کیا تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments