پانچ روز میں صاف پانی فراہمی کا فول پروف پلان بنایا جائے:مریم نواز

پانچ  روز  میں  صاف  پانی  فراہمی  کا  فول  پروف  پلان  بنایا جائے:مریم  نواز

منصوبہ میرے دل کے قریب ، غفلت برداشت نہیں،ستھرا پنجاب کی طرز پرصاف پانی اتھارٹی کو فعال بنایا جا ئیگا صاف پانی کیلئے جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف:وزیر اعلیٰ، کان دھماکے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کے بعد اب ہر گھر تک پینے کے صاف پانی پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ،انہوں نے پانچ دن کے اندر اندر صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کر لیا، ستھرا پنجاب کی طرح صاف پانی اتھارٹی پنجاب کو ری سٹرکچر کر کے جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائیگا، پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار بنایا جائے گا،اتھارٹی کو جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔ علاقائی ضرورت کے مطابق آر او پلانٹس اور جدید ٹیکنالوجی کے فلٹریشن نصب کیے جائیں گے ۔ صوبے میں فلٹریشن پلانٹس اور آر او پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقات کار درج کیے جائیں گے ،وہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے اہم اجلاس میں اظہار خیال کررہی تھیں۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹینسی کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے جدید ترین جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے گی،انہوں نے پنجاب بھر میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا،اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ دور دراز علاقوں کے لیے موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے ،وزیراعلیٰ نے تمام 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور نگہداشت یقینی بنانے کا حکم دیا اور حسب ضرورت مزید پلانٹس لگانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو فعال اور منظم بنایا جائے گا۔ صاف پانی منصوبہ میرے دل کے بے حد قریب ہے ،سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترقیاتی منصوبوں کیساتھ ساتھ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہے ،دریں اثنا وزیر اعلٰی سے بہاولنگر کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی پراجیکٹس اور حلقے کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقے میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، مریم نواز نے عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی،ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو مسلم لیگ (ن) کی میر پور آزاد کشمیر میں بھرپور کامیابی پر مبارکباد دی اور پنجاب کے 36 اضلاع میں 588 الیکٹرک بسیں چلانے پر ان کوخراج تحسین پیش کیا،انہوں نے وزیراعلیٰ کے صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹ کو بھی سراہا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں نے عہد کیا تھا کہ پنجاب کوگڈ گورننس،آئی ٹی اور ترقیاتی پراجیکٹس میں دیگر صوبوں سے آگے لیکر جاؤں گی،ستھرا پنجاب کے بعد پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پراجیکٹ میرے دل کے بے حد قریب ہے ۔ جلد پورے پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں الیکٹرو بسیں سڑکوں پر رواں دواں نظر آئیں گی،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کوئٹہ کے علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے کان میں دبے کان کنوں کی خیریت اور سلامتی کی دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...