کیلیفورنیا میں امریکی ایف-35 بی جنگی طیارہ حادثے کا شکار، پائلٹ محفوظ

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) امریکا کی جدید ترین فضائی ٹیکنالوجی سے لیس ایف-35 بی لائٹننگ II لڑاکا طیارہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔

امریکی میرین کور کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایک نشست والا ایف-35 بی طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ایئر سٹیشن پر لینڈنگ سے چند لمحے قبل گر کر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کے دوران پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے باہر نکل کر خود کو محفوظ کر لیا، اسے معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور احتیاطی طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور طیارے کے ملبے میں لگنے والی آگ کے ساتھ ساتھ اردگرد کی خشک گھاس میں بھڑکنے والی آگ پر بھی قابو پا لیا۔

ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تاہم امریکی فوج نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شامل ہے، جو مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور عمودی انداز میں لینڈنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس طیارے کی قیمت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے، جبکہ اسے امریکی میرین کور کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی کی مسلح افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...