این سی اے کا والدین کو بچوں کی تصاویر شیئر کرنے سے متعلق انتباہ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے وقت غیر معمولی احتیاط برتیں، کیونکہ اے آئی کی مدد سے ان تصاویر کو خطرناک انداز میں تبدیل کرکے غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ بظاہر عام خاندانی تصاویر بھی سائبر جرائم پیشہ افراد کے ہاتھ لگنے کے بعد حقیقت سے قریب تر جعلی اور نازیبا مواد میں تبدیل کی جا سکتی ہیں، جس سے بچوں کی پرائیویسی اور تحفظ کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان، جسے شرینٹنگ کہا جاتا ہے، نے ڈیجیٹل سکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کر دیے ہیں، والدین یادگار لمحات دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تصاویر پوسٹ کرتے ہیں، تاہم یہی مواد بعض اوقات مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔

نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر مصنوعی ذہانت کی مدد سے عام تصاویر کو جعلی تصاویر اور ویڈیوز میں تبدیل کر رہے ہیں، جنہیں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق غیر قانونی مواد تیار کرنے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ادھر انٹرنیٹ واچ فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار بھی اس تشویشناک رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں، ادارے کے مطابق 2025 کے دوران اے آئی سے تیار کی گئی بچوں سے متعلق تقریباً 3 ہزار 500 جعلی تصاویر اور ویڈیوز رپورٹ ہوئیں، جبکہ 2024 میں ایسے کیسز کی تعداد صرف 13 تھی، یہ غیر معمولی اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ اس نوعیت کے سائبر جرائم تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔

ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سوشل میڈیا پروفائلز کو پرائیویٹ رکھیں اور بچوں کی تصاویر صرف قابلِ اعتماد افراد کے ساتھ شیئر کریں، اس مقصد کے لیے کلوز فرینڈز اور دیگر پرائیویسی فیچرز کا استعمال مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ والدین بچوں سے ڈیجیٹل پرائیویسی کے حوالے سے کھل کر بات کریں اور تصاویر یا ویڈیوز آن لائن شیئر کرنے سے قبل ان کی رضامندی کو بھی اہمیت دیں، موجودہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کی پرائیویسی کا تحفظ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...