قوم کو جینے دو، پٹرول پر جگا ٹیکس کسی صورت قبول نہیں: حافظ نعیم الرحمان

رحیم یار خان:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کو جینے دو، پٹرول پر جگا ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔

 پنجاب  کے شہر رحیم یار خان میں پہنچنے پر مقامی کارکنوں نے پٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کے شرکا سمیت حافظ نعیم الرحمان کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے ریلوے سٹیشن پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے  واضح الفاظ میں کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے اور پرامن رہے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام اضافی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جب کہ پٹرول لیوی کی مد میں 130 روپے فی لٹر وصول کیے جا رہے ہیں، حکمران اپنی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں، ہم قوم کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے نکلے ہیں۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی، بعدازاں حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں احتجاجی قافلہ رحیم یار خان سے خان پور پہنچا۔

خان پور میں خطاب کرتے ہوئے اُن  کا کہنا تھا کہ پٹرول پر بھتہ ٹیکس سے عوام کو نجات دلائی جائے، قوم کو جینے دیا جائے، پٹرول پر لیوی کو جگا ٹیکس کے طور پر کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جب تک پٹرولیم لیوی ٹیکس ختم نہیں کیا جاتا، احتجاج ختم ہوگا نہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...