’’پیسہ صرف آمدنی نہیں، عزت بھی دلاتا ہے‘‘: شہناز گل
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ شہناز گل نے کہا ہے کہ محنت کی مناسب قیمت مانگنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ ان کے نزدیک مالی استحکام انسان کو عزت اور وقار بھی دیتا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں شہناز گل نے بتایا کہ وہ کسی بھی فلم یا پراجیکٹ پر دستخط کرنے سے قبل مالی معاملات کو خاص اہمیت دیتی ہیں، وہ ہمیشہ اپنی محنت، قابلیت اور موجودہ مقام کے مطابق معاوضہ طلب کرتی ہیں، کیونکہ ان کے خیال میں ہر فنکار کو اپنی قدر کا احساس ہونا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہوں نے بغیر معاوضے کے بھی کام کیا، لیکن اس کے باوجود انہیں وہ احترام اور اہمیت نہیں ملی جس کی وہ مستحق تھیں، اس تجربے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ اپنی محنت کی قیمت جاننا بے حد ضروری ہے۔
شہناز گل نے کہا کہ ’’پیسہ بہت اہم ہوتا ہے، کیونکہ یہی آپ کو عزت بھی دلاتا ہے‘‘، آج جب وہ اپنے حق کے مطابق معاوضے کا مطالبہ کرتی ہیں تو بعض اوقات انہیں مطلوبہ رقم مل جاتی ہے، کبھی اس سے کم پر اتفاق کرنا پڑتا ہے اور بعض مواقع پر ان کا مطالبہ مکمل طور پر تسلیم بھی نہیں کیا جاتا، لیکن وہ اپنے حق کیلئے آواز اٹھانا نہیں چھوڑتیں۔
انہوں نے دیگر فنکاروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی محنت کی مناسب قدر کریں اور اپنے جائز حقوق کیلئے ڈٹ کر مؤقف اختیار کریں، ان کے مطابق کامیابی آسانی سے نہیں ملتی، بلکہ اس کے پیچھے طویل جدوجہد، مسلسل محنت اور بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ آج وہ جس مقام پر کھڑی ہیں، وہاں تک پہنچنے کیلئے انہوں نے کئی آزمائشیں برداشت کی ہیں، اسی لئے وہ سمجھتی ہیں کہ ہر فنکار کو اپنی محنت کی مناسب قدر اور اس کے مطابق معاوضہ ملنا چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments