نیویارک میں ’ٹیکس ورلڈ 2026ء‘ نمائش کا انعقاد، پاکستان کی بھرپور شرکت
نیویارک: (دنیا نیوز) نیویارک کے معروف جیکب کے جاوِٹس کنونشن سینٹر میں عالمی ٹیکسٹائل نمائش ’ٹیکس ورلڈ این وائی سی 2026‘ (Texworld NYC 2026) کا آغاز ہوگیا۔
بین الاقوامی نمائش میں پاکستان نے اپنے قومی پویلین کے ذریعے ٹیکسٹائل، ملبوسات، ہوم ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات اور سپورٹس ویئر سمیت اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی خریداروں اور کاروباری اداروں کے سامنے پیش کیں۔
پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیا۔
اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر عدنان محمود اعوان بھی ان کے ساتھ تھے، نمائش میں پاکستان پویلین کا اہتمام ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور قونصل خانہ پاکستان نیویارک کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
پویلین میں 5 ممتاز پاکستانی کمپنیاں ہوم ٹیکسٹائل، تولیے، تیار ملبوسات، لیدر گارمنٹس، سپورٹس ویئر، گلوز اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔

افتتاح کے بعد سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ اور ان کے ساتھ وفد نے پاکستان پویلین کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا، نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کی مصنوعات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر پاکستانی برآمد کنندگان کے ساتھ امریکی منڈی میں کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، برآمدات کے فروغ اور تجارتی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان، واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ اور نیویارک میں قونصل خانہ پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی منڈی میں اپنی رسائی بڑھانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے، ملکی برآمدات میں اضافے اور ’میڈ اِن پاکستان‘ برانڈ کو عالمی منڈیوں میں مزید مضبوط اور نمایاں مقام دلانے کیلئے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments