کوئلہ کان میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 34ہو گئی

کوئلہ کان میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 34ہو گئی

میتھین گیس بھر نے سے دھماکا،شانگلہ کے گاؤں کے 28افراد بھی جاں بحق

کوئٹہ (کرائم رپورٹر،سٹی رپورٹر،نامہ نگاران ،سٹاف رپورٹر) بلوچستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کے مطابق کوئلے کی ایک کان میں دھماکے کے نتیجے میں 34 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ لاپتہ کان کنوں کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب واقع ایک کوئلے کی کان میں پیش آیا جہاں کو ئلہ کان کے اندر میتھین گیس بھر جانے کے باعث دھما کہ ہوا جس کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا جو رات گئے تک جاری رہا۔جمعہ کی صبح پی ڈی ایم اے بلوچستان نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ اب تک 34 مزدوروں کی لاشیں کان سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ باقی ماندہ کان کنوں کا سراغ لگانے اور انہیں باہر نکالنے کیلئے مشترکہ امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں تاہم حکام نے یہ نہیں بتایا کہ دھماکے کے وقت کان کے اندر مجموعی طور پر کتنے مزدور موجود تھے ۔ کان میں پھنسے مزید مزدوروں کی تلاش اور انہیں بحفاظت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے ۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سورینج میں پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں میں ریسکیو ٹیموں نے اب تک 34 کان کنوں کی لاشیں کان سے نکال لی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے سورینج کوئلہ کان حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لانے اور متاثرہ کان کنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ، لاشوں کی آبائی علاقوں کی طرف روانگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور بلوچستان سے لاشیں پہنچنے میں 22 سے 24 گھنٹے کا وقت لگتا ہے ،آل پاکستان مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر عابد یار نے بتایا کہ سورینج میں پیش آنے والے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں وادی سوات کے علاقے شانگلہ کے ایک ہی گاؤں پیر آباد سے تعلق رکھنے والے 28 افراد بھی شامل ہیں جن میں سے آٹھ افراد کا تعلق دو گھروں سے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...