خوشحال پاکستان کی بنیاد علم و تحقیق پر استوار ہوگی:احسن اقبال

 خوشحال پاکستان کی بنیاد علم و تحقیق پر استوار ہوگی:احسن اقبال

بلاول کو حکومت ملے تو الیکشن شفاف ، نہ ملے تو دھاندلی کا شور مچاتے ہیں شکرگڑھ کے عوام کو 8 ارب 10 کروڑ کا تاریخی ترقیاتی پیکیج دیا :خطاب

شکرگڑھ (تحصیل رپورٹر )وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلاول کو گلگت بلتستان میں حکومت ملے تو الیکشن صاف شفاف ، اگر کشمیر میں ن لیگ جیتے تو دھاندلی کا شور مچاتے ہیں، شکرگڑھ کے عوام کو 8 ارب 10کروڑ روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکیج دیا گیا ،ثمرات آنیوالے برسوں تک عوام کو حاصل ہونگے ،ملک کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب ہونی چاہیے بندوق نہیں کیونکہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد علم اور تحقیق پر استوار ہوگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز شکرگڑھ میں 8ارب روپے کی لاگت سے سیوریج،  ٹف ٹائلز اور سٹریٹ لائٹس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کے  موقع پرمنعقدہ جلسہ عام سے خطاب میں کیا،اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انوارالحق چودھری،ارکان صوبائی اسمبلی رانا منان ، خواجہ وسیم بٹ ،اکمل سرگالہ، عثمان رشید،انعام الحق چودھری ودیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے ۔چودھری احسن اقبال نے مزید کہا کہ نارووال میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پہلے سے کہیں زیادہ تیز ہے ، یہاں پانچ جامعات کا قیام نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے ،ملکی ترقی کا راستہ سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے ،مسلم لیگ (ن)ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے جبکہ مخالفین منفی طرزِ سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2 اگست کو بھی مسلم لیگ (ن)ہی بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرے گی یہ نوشتہ دیوار ہے ،پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے ، عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...