وزیرا عظم نے وزارتوں ، ڈویژنز سے مخصوص فارم پر کارکردگی رپورٹ طلب کر لی
قانون، سکیورٹی اور انتظامی امور سے منسلک 14 وزار توں سمیت 18 کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، ہر دعوے کے ساتھ دستاویزی ثبوت فراہم کئے جائیں،مراسلہ جاری آزاد کشمیر میں کامیابی نوازشریف،ٹیم کی محنت کاثمر، زرعی بینک کی نجکاری ایسے ہو کہ زرعی شعبے میں کردار برقرار رہے ،معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری ناگزیر، شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعظم آفس سے تمام وفاقی وزارتوں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا جس میں وزارتوں کو مخصوص فارم پر کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ،مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وہ فروری 2024 سے اب تک کے اہم اقدامات اور کارکردگی کی رپورٹ فراہم کریں، حکام کے مطابق وزارتوں کو حاصل کردہ اہداف اور کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔ وزارتوں کو عوامی خدمات میں بہتری اور گورننس اصلاحات سے متعلق اقدامات کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ معیشت اور مالیات سے متعلق 18 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، اس میں قانون، سکیورٹی اور انتظامی امور سے منسلک 14 وزارتیں بھی شامل ہیں اور اس کے علاوہ سماجی خدمات اور صحت و تعلیم سمیت 9 وزارتوں کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ واضح کارکردگی کے نتائج فراہم کیے جائیں، منصوبوں، حاصل کردہ نتائج اور ان کی تکمیل کی تاریخ بھی فراہم کی جائے۔
وزارتوں کو تمام زیر التوا منصوبوں، تاخیر کی وجوہات اور درپیش رکاوٹوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کارکردگی رپورٹ میں ہر دعوے کے ساتھ لازمی دستاویزی ثبوت یا دیگر قابل تصدیق شواہد فراہم کریں، بغیر ثبوت دعووں اور نامکمل رپورٹس کو قابل قبول گردانا نہیں جائے گا، کارکردگی جائزے کے ذریعے ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کے نتائج کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔حکام کے مطابق سی پیک اتھارٹی اور پلاننگ کمیشن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور معاشی پالیسیوں کے نتائج کا احاطہ کیا جائے گا۔،دریں اثنا ایک بیان میں وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کامیابی قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے ، ن لیگ کے جیتنے والے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں،وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں پوری ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی،یہ کامیابی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا ن لیگ کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہیں ،آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا جس سے جمہوری عمل مزید مضبوط ہو گا۔
ادھرسرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں،زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیاد ی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے ۔یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے ، وزارتِ نجکاری نے وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی(گیپکو) کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی ، نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے ۔ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ،یومِ شہدائے پولیس پر جاری اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے پولیس کے جانباز افسران اور اہلکاروں کو دلی خراجِ عقیدت اور سلام پیش کرتا ہوں،ہمارے پولیس کے شہدا ء کی ناقابل فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی، امن و امان کے قیام کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments