سرمایہ کاروں کو خوش آمدید ، نئے کاروبار کیلئے زیروٹائم ٹوسٹارٹ پالیسی نافذ : مریم نواز

 سرمایہ کاروں کو خوش آمدید ، نئے کاروبار کیلئے زیروٹائم ٹوسٹارٹ پالیسی نافذ : مریم نواز

ون ونڈو آپریشن اور تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا یکجا نظام قائم ،بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم :وزیر اعلیٰ او پی ایف کی گرین اکنامک زون کی تجویز پر آمادگی ،سروسز ہسپتال کو سٹروک ایوارڈ ملنے پر مبارکباد

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہر سرمایہ کار کو خوش آمدید کہتے ہیں، پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ، پنجاب میں تمام نئے کاروبار اور صنعتیں شروع کرنے کے لیے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹپالیسی نافذ کی گئی ہے ،وہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے وفد سے گفتگو کررہی تھیں، چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے وزیراعلیٰ کو گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں جدید گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی، وزیراعلیٰ نے گرین اکنامک زون کی تجویز پر آمادگی کا اظہار کیا اور عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کرلیا۔

انہوں نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان بھی کیا،گرین انڈسٹریل زون کے قیام سے 18 ہزار سے زائد افراد کو جدید روزگار ملنے اور سالانہ 5.6 ارب روپے آمدن کی توقع ہے ،وزیر اعلٰی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن اور تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا یکجا نظام قائم ہے ،پنجاب میں تمام انتظامی و بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک، مکمل محفوظ اور پرامن تجارتی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ پنجاب کو جدید ترین گرین انڈسٹری اور تجارتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنائیں ،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبہ بھر میں شعبہ صحت میں بہتری کے لئے کاوشوں کا اعتراف عالمی سطح پربھی کیا گیا۔ سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی کی سٹروک کیئر میں خدمات پر اسے ڈبلیو ایس او/اینجلز کی طرف سے ڈائمنڈ ایوارڈ کے عظیم ترین طبی اعزازسے نوازا گیا، وزیراعلیٰ نے پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر زہرہ خانم،ہیڈشعبہ نیورالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد عدنان اسلم اور پوری ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دی۔

فالج کے مریض کی بحالی صحت کی کاوشوں کے بہتر نتائج کے لئے سروسز ہسپتال کے سٹروک ایمرجنسی سنٹر کو بہترین قراردیاگیا۔ مریم نواز کی زیر قیادت سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی میں ڈائمنڈ ایوارڈ فار ایکسی لینس ان سٹروک کیئر حاصل کرنے والا پبلک سیکٹر کا پہلا ملکی ادارہ بن گیا،سروسز ہسپتال شعبہ نیورالوجی کو ٹھرومبولائسز کے لئے ڈور ٹو نیڈل ٹائم میں بہترین قرار دیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب سٹروک پروگرام کے لئے ڈائمنڈ ایوارڈ سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ بروقت علاج اور جدید طبی سہولتوں کے باعث بچائی جانے والی ہزاروں انسانی جانوں کا اعتراف ہے ۔ انہوں نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال کے دنیا بھر کے بہترین سڑوک سنٹرز میں شامل ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ سٹروک سنٹر سروسز ہسپتال کے لئے ڈائمنڈ ایوارڈ کا اعزاز تاریخی کامیابی ہے ،پنجاب میں فالج کے مریضوں کو بہترین اورعالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کرنے کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے ،سٹروک کیئر کے معیار کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...