ملک بھر کیلئے آن لائن پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ نظام کی منظور ی
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا اور اعلی ٰسطح کے اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر انہوں نے عوام کی سہولت کے لئے ملک بھر کے لئے یکساں پولیس کریکٹرسرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے نظام کی اصولی منظوری دے دی۔
انہوں نے کہا کہ اب نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جس سے اس کے حصول کا پیچیدہ عمل ختم ہو کر انتہائی تیز اور مکمل طور پر آن لائن ہو چکا ، شہری اب گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو پورٹل کے ذریعے آسانی سے کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے ۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے اس یکساں اور آن لائن نظام سے خصوصاً بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات ملے گی اور ان کے لئے تمام مراحل آسان ہو جائیں گے ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لئے بھی ملک گیر سطح پر ایک یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے ،دورے کے دوران ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور مختلف شعبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ وزیر داخلہ نے بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ بھی کیا۔ اجلاس کے دوران یوم پولیس شہدا کی مناسبت سے ملک میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لئے جانیں قربان کرنے والے تمام پولیس شہدا کو زبردست ہدیہ عقیدت پیش کیا ، وفاقی وزیر نے پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ہم تاقیامت بھی ان کا احسان نہیں اتار سکتے ، پولیس شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،قوم ان کے خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments