وزیراعظم اپنی مدت پوری کرینگے، تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے: محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس پر وزیراعظم کو جوابدہ ہیں، اس لیے ان کی وزارت سمیت تمام وزارتوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن اور آڈٹ کرایا جائے اور نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بطور وزیر ان کی پرفارمنس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم وہ اپنی کارکردگی پر وزیراعظم کو جوابدہ ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ان کی درخواست ہے کہ تمام وزارتوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرائی جائے تاکہ ہر وزارت کی کارکردگی کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی کابینہ میں حاضری 70 فیصد کے قریب ہے، وہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کی وزارت کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے اور جو نتائج سامنے آئیں وہ عوام کے سامنے پیش کیے جائیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں ملک میں 80 سال سے جو نظام چل رہا ہے وہ تباہ ہے، اگر نظام درست چل رہا ہوتا تو پاکستان کہیں زیادہ ترقی کر چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے اپنی ہی حکومت کو چارج شیٹ نہیں کر سکتے، تاہم وزیراعظم نے موجودہ حالات میں بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ کیا اور ایف بی آر میں اصلاحات کیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں، اگر حالات مزید بہتر ہو جائیں تو ایک ہزار گنا بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وزیراعظم اپنی آئینی مدت کے مطابق پانچ سال پورے کریں گے اور یہ حکومت کہیں نہیں جا رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...