دو سالہ جلاوطنی کے بعد شیخ حسینہ کا بنگلادیش واپسی کا اعلان
ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے دو سالہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رواں سال دسمبر میں ملک واپسی کی خواہش رکھتی ہیں، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 78 سالہ شیخ حسینہ نے بدھ کو جنوبی ایشیا کے غیرملکی صحافیوں کے کلب کے زیر اہتمام تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے سجیب واجد جوئے اور عوامی لیگ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
شیخ حسینہ نے کہا کہ وطن واپسی پر انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے یا جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے، لیکن خوف ان کے عوام کے لیے ذمہ داری نبھانے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کو مشکلات میں چھوڑ کر بیرون ملک نہیں رہ سکتیں۔
سابق وزیراعظم نے اپنی جماعت عوامی لیگ پر عائد پابندی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا، جبکہ ان کے بیٹے سجیب واجد جوئے نے کہا کہ ان کا موجودہ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد اقتدار سے الگ ہو گئی تھیں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت چلی گئی تھیں۔ اس کے بعد سے وہ بنگلادیش واپس نہیں آئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments