شہباز شریف سے ایرانی وفد کی ملاقات، تجارت، کان کنی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے بہترین ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور پاکستان، ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت کے مزید فروغ کے حوالے سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے حال ہی میں اچھی گفتگو ہوئی۔

شہبا شریف نے کہا کہ امید ہے کہ مسلسل کوششوں سے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، بالخصوص خوراک اور زرعی اجناس و مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ، 24 گھنٹے بارڈر کھلا رکھنے کے لیے سہولیات بڑھانے، بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانے پر اتفاق کیا، کان کنی کے شعبے خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔

ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر پاکستانی قیادت اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) کے حوالے سے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، علی پرویز ملک، جنید انور چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، ہارون اختر، طلحہ برکی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...