پاکستان اور ڈنمارک میں توانائی تعاون کا نیا آغاز، مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان اسٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن پروگرام کے آغاز کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔

سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخرِ عالم عرفان اور ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیروس مورٹینسن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے تقریب میں شرکت کی۔

معاہدے کے تحت پاکستان اور ڈنمارک قابلِ تجدید توانائی کے قومی گرڈ میں مؤثر انضمام، طویل المدتی توانائی منصوبہ بندی اور صنعتی توانائی کی استعداد بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

ڈنمارک طویل المدتی توانائی منصوبہ بندی کے لیے پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، ڈنمارک کے ماہرین وفاقی توانائی اداروں کو جدید تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے۔

معاہدے کے تحت پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان توانائی کے شعبے میں جی ٹو جی تعاون مزید مستحکم ہوگا، دونوں ممالک علم، تجربات اور جدید ٹیکنالوجی کا تبادلہ بھی کریں گے۔

حکام کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان میں گرین انرجی منتقلی کی رفتار تیز کرنے، قومی موسمیاتی اہداف کے مؤثر اور کم لاگت حصول، صاف، محفوظ اور کم لاگت توانائی کے نظام کی تشکیل اور توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کو مزید تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...