چترال میں گلیشیئر پھٹنے، کلاوڈ برسٹ، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی، دو افراد جاں بحق
چترال: (دنیا نیوز) چترال میں گلیشیئر پھٹنے، کلاوڈ برسٹ اور موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے لوئر اور اپر چترال کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
بروز گول، گمبس گول، غیرت گول، شیشکوہ گاہوچ، شیشکوہ ٹنگل، کریم آباد، پرئیت گول، ریشن، کوراغ، چرون، بونی، اوی، پرواک، مستوج اور دیگر علاقوں میں آنے والے شدید سیلابی ریلوں سے متعدد پل، سڑکیں، مکانات، دکانیں، ہوٹل، سرکاری و نجی عمارتیں، زرعی اراضی اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا۔
کئی دکانوں کا سامان اور درجنوں گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں، سیلابی حادثات میں دو افراد جاں بحق ہوئے، ایک شخص کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دریائے چترال سے ملنے والی ایک لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، مختلف علاقوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بروز گول میں سیلاب کے باعث بند ہونے والی چترال۔پشاور شاہراہ اور فائبر آپٹک لائن کی بحالی کے بعد تقریباً بائیس گھنٹوں کے وقفے سے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی جبکہ فور جی، پی ٹی سی ایل اور دیگر انٹرنیٹ سروسز بھی بحال کر دی گئی ہیں۔
غیرت گول میں سیلاب کے بعد بننے والی ڈیم سے دروش کے سید آباد کا علاقہ خطرے کی زد میں ہے، جہاں ہوٹل، گیس پلانٹ، دکانیں، دفاتر اور دیگر عمارتیں پانی کے محاصرے میں ہیں۔
شیشکو کے گاؤں گاؤچ کا واحد رابطہ پل سیلاب میں بہہ گیا، اس سے قبل ٹنگل کا پل بھی سیلاب کی نذر ہو چکا تھا، جس سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔
لوئر چترال سے اپر چترال کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا، جبکہ اپر چترال میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث کئی رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments