پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز میں پوزیشن ہولڈرز کا اعلان، طالبات نمایاں رہیں

ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز میں میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا گیا، طالبات نمایاں رہیں۔

ملتان بورڈ کے میٹرک نتائج میں مہرین رسول پہلی پوزیشن لے گئیں

تعلیمی بورڈ ملتان نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا۔

بورڈ کے مطابق مہرین رسول نے 1190 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، فائقہ محبوب نے 1188 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

حمنہ ابراہیم، خدیجہ چودھری اور ارسلنہ فاطمہ نے 1187 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بہاولپور بورڈ میں عبدالحسیب کی پہلی پوزیشن

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور نے میٹرک امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا۔

عبدالحسیب نے 1186 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی جبکہ مزمل بلال 1184 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

جویریہ فاطمہ اور ایمان فاطمہ ملک نے 1183 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

گوجرانوالہ بورڈ میں دو طالبات پہلی پوزیشن پر

تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ نے میٹرک کے فرسٹ اینول امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا۔

عدینہ راشد اور صدیقہ الماس نے 1190 نمبر حاصل کر کے مشترکہ پہلی پوزیشن حاصل کی، زین اکرم نے 1188 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد احمد نے 1187 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چیئرپرسن ڈاکٹر اقصیٰ کے مطابق پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب کل سیالکوٹ میں منعقد ہو گی، جس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات مہمان خصوصی ہوں گے، اسی تقریب میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا بھی باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ساہیوال بورڈ کے میٹرک نتائج، کامیابی کا تناسب 65.10 فیصد رہا

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین بورڈ فیصل اعجاز کے مطابق 85 ہزار 343 طلبہ و طالبات نے داخلہ بھیجا، 84 ہزار 159 نے امتحان دیا جبکہ 54 ہزار 788 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا مجموعی تناسب 65.10 فیصد رہا۔

عبداللہ ناصر اور منصف بشیر نے 1191 نمبر حاصل کر کے مشترکہ پہلی پوزیشن حاصل کی، ربیطہ رمضان 1190 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ آمنہ عامر اور محمد منیب احمد 1188 نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر رہے۔

فیصل آباد بورڈ کے میٹرک نتائج میں پہلی دو پوزیشنز طالبات کے نام

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج میں پہلی دو پوزیشنز طالبات نے حاصل کر لیں۔

بورڈ کے مطابق مجموعی طور پر ایک طالبہ نے 1191 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

رامین فاطمہ نے 1190 نمبر لے کر دوسری جبکہ رائف عبدالاحد نے 1189 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...