’’یوم استحصال کشمیر‘‘جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔
شرجیل انعام میمن نے بیان میں کہا یوم استحصال کشمیر جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکیں، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مضبوط حامی رہی ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی آزادانہ مرضی سے کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments