سندھ حکومت کے ٹرانسپورٹ منصوبوں میں تیزی، بڑا فیصلہ کر لیا

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے صوبے میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کر لیے۔

صوبائی حکومت نے ستمبر سے ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے، اکتوبر میں 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں کراچی لانے اور رواں سال کے آخر سے مرحلہ وار مزید ایک ہزار الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اہم اجلاس میں کیے گئے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی، پراجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی کی یونیورسٹی روڈ پر مکسڈ ٹریفک لائن کا ایک حصہ ستمبر میں عوام کے لیے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی ترقی اور ٹرانسپورٹ اب ڈراموں میں استعمال ہو رہی ہے: عظمیٰ بخاری کا طنز

اجلاس کے دوران مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے تمام ڈیپوز کی تعمیر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد از جلد مکمل کی جائے۔

اجلاس میں لاڑکانہ تا قمبر اور قمبر تا شہدادکوٹ پیپلز بس سروس کے نئے روٹس جلد فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، جبکہ مرحلہ وار ایک ہزار مزید الیکٹرک بسیں بھی پبلک ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں اکتوبر میں کراچی پہنچ جائیں گی، جس سے شہریوں کو جدید، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، محفوظ، ماحول دوست اور قابل اعتماد پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...