کراچی میں پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس 6 اگست کو ہوگی، اربوں ڈالر کے معاہدے متوقع
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس 6 اگست کو کراچی میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس میں متحدہ عرب امارات، جاپان، جرمنی اور چین کی بڑی مائننگ کمپنیاں شرکت کریں گی جبکہ اربوں ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط متوقع ہیں۔
سندھ اینگرو مائننگ کمپنی کے سی ای او عامر اقبال نے بتایا کہ کانفرنس کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور جدید مائننگ ٹیکنالوجی متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے پاور پلانٹس کو تھر کا کوئلہ آئندہ ریلوے ٹریک کے ذریعے فراہم کیا جائے گا جبکہ تھر سے کوئلے کی ترسیل کے لیے نئی ریلوے لائن کا آغاز اگلے سال کے آغاز میں متوقع ہے۔
عامر اقبال کے مطابق تھر بلاک ٹو کے تیسرے مرحلے کا آغاز اگلے ماہ کیا جائے گا، لکی پاور پلانٹ کو بھی آئندہ ماہ سے تھر کا کوئلہ فراہم کرنا شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ اینگرو مائننگ کمپنی میں اب تک ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے جو پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments