پولیس افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کیلئے باعث فخر ہیں: صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پولیس کے ان بہادر افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر جاری پیغام میں کہا ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل وابستگی اور قومی خدمت میں دی گئی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر اور ہر پاکستانی کے لیے قابل احترام رہیں گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دے رہی ہے، ہدفی کارروائیوں کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس نے جرائم پیشہ اور انتہا پسند عناصر کے نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزاء ہے کہ ہمارے پولیس اہلکار معصوم جانوں کے تحفظ، قانون کی بالا دستی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بے مثال قربانیوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے ہمارے پولیس افسران اور اہلکاروں کی غیر معمولی بہادری اور قربانیوں کا دل کی گہرائیوں سے معترف ہوں، دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کے خلاف کارروائیوں میں ان کا موثر اور فیصلہ کن کردار قومی سطح پر قابل ستائش ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کو پوری قوم انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان معزز خاندانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پولیس سے وابستہ اداروں کو مضبوط، جدید اور موثر بنایا جائے گا، اس مقصد کے لیے بہتر تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں اعتماد، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دے سکیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں پاکستان پولیس کے ان بہادر سپوتوں اور خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر، اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار کے ساتھ، وطن کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لئے مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...