پاکستان اور اسپین کا تعلیم، زراعت، کھیل اور انسانی ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے سپین کے سفیر کارلوس آراگون نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، زراعت، کھیل، ثقافت اور انسانی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران احسن اقبال نے پاکستان اور اسپین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ نارووال یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف گریناڈا کے درمیان تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا مسودہ بھی شیئر کیا گیا۔

دونوں ممالک نے تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیق اور فیکلٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال یونیورسٹی کا طرزِ تعمیر اندلس اور گریناڈا کی مشترکہ ثقافتی وراثت کی علامت ہے جبکہ انہوں نے اسپین کے سفیر کو گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کے زیتون کی پیداوار میں ابھر رہا ہے اور زیتون کی کاشت، ایگری بزنس اور زرعی ٹیکنالوجی میں اسپین کے تعاون کا خواہاں ہے۔

انہوں نے بلوچستان، ضم شدہ اضلاع اور پوٹھوہار میں زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے بھی اسپین کو تعاون کی دعوت دی اور کہا کہ مقامی پیداوار بڑھا کر پام آئل کی درآمد پر انحصار کم کرنا چاہتے ہیں۔

احسن اقبال نے ابتدائی بچپن کی نشوونما سے متعلق آئندہ کانفرنس کے انعقاد میں سپین کے تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سپین کی ملکہ کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے سپین کو 2026 فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے سپین سے تکنیکی معاونت، کوچنگ اور تربیتی پروگرامز کی تجویز پیش کی۔

سپین کے سفیر کارلوس آراگون نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور گرمجوشی کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے تعلیم، زراعت، کھیل، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...