جائیکا کے صدر کی احسن اقبال سے ملاقات، ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی، جس میں اُڑان پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک کے تحت پاکستان اور جاپان کے ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں بنیادی ڈھانچے، انسانی وسائل کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، سیاحت، پائیدار اقتصادی نمو اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
احسن اقبال نے پاکستان کے لیے جاپان کی سرکاری ترقیاتی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کئی دہائیوں سے پاکستان کا قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے، جس نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، آبی وسائل، صحت، تعلیم، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری پروگرام کے باعث ملکی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے جبکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران سرکاری محصولات میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے وفد کو اُڑان پاکستان اور اس کے فائیو ایز فریم ورک سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، توانائی و بنیادی ڈھانچہ اور مساوات و بااختیاری حکومت کی درمیانی اور طویل المدتی ترقیاتی حکمت عملی کا محور ہیں۔
.jpg)
احسن اقبال نے پاکستان۔جاپان گندھارا سیاحتی راہداری کے قیام کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ دونوں ممالک گندھارا تہذیب کے مشترکہ ورثے کی بدولت مذہبی سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے پروڈکٹیویٹی، کوالٹی اینڈ انوویشن (پی کیو آئی) اقدام میں شمولیت کا ذکر کرتے ہوئے جائیکا اور جاپان پروڈکٹیویٹی سینٹر کے اشتراک سے تکنیکی معاونت اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی دی۔
جائیکا کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو نے پاکستان کے ساتھ جاپان کے دیرینہ ترقیاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اُڑان پاکستان کے اہداف سے ہم آہنگ منصوبوں پر انسانی وسائل کی ترقی، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، قدرتی آفات سے نمٹنے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، ڈیجیٹل تبدیلی، سیاحت، خصوصی اقتصادی زونز، پیداواری صلاحیت اور پی کیو آئی اقدام کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینے، نئے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے اور پائیدار، جامع اور دیرپا اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments