پاکستان، آسٹریلیا کا تجارت ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
کینبرا مذاکرات ، ٹریڈ کمیٹی اجلاس میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ آسٹریلیا کو کشمیر ، سندھ طاس معاہدے ، خطے کی صورتحال سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا گیا
اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان اور آسٹریلیا نے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سینئر حکام کے مذاکرات کا نواں دور ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ و تجارت (DFAT) کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی و وسط ایشیا سارہ اسٹوری نے کی۔ مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، دفاع، سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، بین الاقوامی جرائم کی روک تھام اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، پاکستانی وفد نے آسٹریلوی حکام کو مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں، جنوبی ایشیا کی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا ، اسی روز پاکستان ،آسٹریلیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا دسواں اجلاس ہوا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو سٹاک، آئی ٹی، کان کنی، خدمات، مارکیٹ تک رسائی، پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو درپیش مسائل اور عالمی تجارتی تنظیم کے تحت تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments