میٹرک نتائج کا اعلان، لاہور بورڈ کے 64.53 فیصد طلبا پاس
نتائج کا اعلان وزیر تعلیم سکندر حیات نے کیا،پہلے تین پوزیشن ہولڈرطلبا کو 1،1 لاکھ روپے ،لیپ ٹاپ دینے کا اعلان گوجرانوالہ میں کامیابی کا تناسب 69.48 فیصد،ملتان میں72.65فیصد جبکہ فیصل آباد میں تناسب 74.69 فیصد رہا
لاہور،گوجرانوالہ،راولپنڈی،فیصل آباد، بہاولپور، ملتان(خبر نگار،خصوصی رپورٹر،نیوز رپورٹر،این این آئی) پنجاب کے تمام 9تعلیمی بورڈز برائے انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور سرگودھا کے بورڈز کی جانب سے نتائج کا اعلان بیک وقت کیا گیا۔ترجمان لاہور بورڈ کے مطابق کامیابی کا تناسب64.53فیصد رہا،2 لاکھ 82 ہزار 308 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں سے ایک لاکھ 82 ہزار 186 امیدوار کامیاب ہوئے۔
لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کیلئے ایک، ایک لاکھ روپے نقد انعام اور لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا۔گوجرانوالہ بورڈ میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 42 ہزار 192 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 1 لاکھ 68 ہزار 266 امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ اس طرح مجموعی کامیابی کا تناسب 69.48 فیصد رہا۔
راولپنڈی بورڈ کی جانب سے کل 120411 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 73829 کامیاب رہے ، کامیابی کی شرح 61.31 فیصد رہی ۔تعلیمی بورڈ ملتان کے میٹرک نتائج کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھ 33 ہزار 19 طلبہ نے شرکت کی، پاس ہونے والے طلبہ کی تعداد 96638 رہی، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 72.65فیصد رہا۔ بہاولپور بورڈ کے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 96245 امیدوار شامل ہوئے جن میں سے 63012 امیدوار کامیاب قرار پائے ، کامیابی کا تناسب 65.47 فیصد رہا۔فیصل آباد میں امتحانات میں ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 امیدوار کامیاب ہوئے ،کامیابی کی شرح 74.69 فیصد رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments