امریکی ناظم الامور کی اورنگزیب کھچی سے ملاقات، ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے امریکا کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ، آثارِ قدیمہ اور عجائب گھروں کی ترقی میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے گندھارا سمیت پاکستانی نوادرات کی وطن واپسی میں امریکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میوزیم کو جمہوریہ کوریا کے تعاون سے عالمی معیار کے جدید میوزیم میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان۔امریکہ ثقافتی ہفتہ منعقد کرنے کی تجویز دی اور امریکی وفد کو شندور پولو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسلام آباد میوزیم میں واپس لائے گئے نوادرات کی نمائش کو سراہا جبکہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں، نمائشوں اور فنکاروں کے تبادلوں کے فروغ کی تجویز پیش کی۔

نیٹلی اے بیکر نے لوک ورثہ میں ہر سال منعقد ہونے والے لوک میلے کو بھی سراہا۔

سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے بتایا کہ وطن واپس لائے گئے نوادرات کی خصوصی نمائش اکتوبر میں پی این سی اے میں منعقد کی جائے گی۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکا نے مشترکہ ایکشن پلان، ثقافتی تبادلوں اور ثقافتی سفارت کاری کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...