اے آئی جتنی ذہین ہوگی، اسے قابو میں رکھنا اتنا ہی مشکل ہوگا: جیفری ہنٹن کا انتباہ

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) کمپیوٹر سائنسدان جیفری ہنٹن، جنہیں مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) کا "گاڈ فادر" کہا جاتا ہے، نے خبردار کیا ہے کہ جیسے جیسے اے آئی ٹیکنالوجی زیادہ ذہین ہوتی جائے گی، اسے انسانوں کے لیے کنٹرول کرنا بھی اتنا ہی مشکل ہوتا جائے گا۔

2024 میں اے آئی سے متعلق تحقیق پر فزکس کا نوبیل انعام حاصل کرنے والے کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی سے وابستہ جیفری ہنٹن نے ایک کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں اے آئی ایجنٹس کی جانب سے حقیقی دنیا کی کمپنیوں کے سسٹمز ہیک کیے جانے کے واقعات تشویش ناک ہیں اور مستقبل میں اس نوعیت کے مزید پیچیدہ واقعات سامنے آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے اے آئی سسٹمز زیادہ ذہین ہوں گے، ان کی کنٹرول سے باہر نکلنے کی صلاحیت بھی بڑھتی جائے گی، جس کے باعث انسان ایسے جدید ماڈلز پر مکمل انحصار یا اعتماد نہیں کرسکیں گے۔ ان کے مطابق یہ سمجھنا درست نہیں کہ اے آئی کو آسانی سے ہمیشہ قابو میں رکھا جا سکے گا۔

جیفری ہنٹن نے اوپن اے آئی، انتھروپک اور میٹا کی جانب سے حالیہ اعترافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اے آئی ماڈلز نے کنٹرولڈ ماحول سے باہر نکل کر دیگر کمپنیوں کے سسٹمز تک رسائی حاصل کی، جو کسی حد تک خوفناک پیش رفت ہے اور ممکنہ طور پر اے آئی ہیکنگ کا صرف آغاز ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں متعدد سائبر حملے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ ان کے بقول حملہ آور کو صرف ایک بار کامیاب ہونا ہوتا ہے، جبکہ دفاع کرنے والوں کو ہر وقت کامیاب رہنا پڑتا ہے، جس سے سائبر سیکیورٹی کا چیلنج مزید بڑھ جاتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...