امریکی ہتھیاروں کے ذخائر سے متعلق معلومات افشا ہونے پر ٹرمپ کا تحقیقات کا حکم
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکی فوج کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر سے متعلق حساس معلومات میڈیا تک پہنچنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے پینٹاگون کے عسکری ذخائر سے متعلق معلومات افشا ہونے کے بعد نئی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکا کے بعض اہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق حالیہ ہفتوں میں امریکی میڈیا میں متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں امریکی فوج کے جنگی ذخائر میں کمی کی نشاندہی کی گئی ہے، رپورٹس میں میزائلوں، فضائی دفاعی نظام اور دیگر اہم جنگی سازوسامان کی دستیابی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
تاہم امریکی انتظامیہ مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ عسکری صلاحیت اور وسائل موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی سے متعلق اطلاعات صدر ٹرمپ کے لیے تشویش کا باعث ہیں، کیونکہ یہ صورتحال ایران کے ساتھ مذاکرات اور امریکا کی مجموعی عسکری پوزیشن پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ نے نجی ملاقاتوں میں کابینہ ارکان اور قریبی معاونین کے سامنے ہتھیاروں کے ذخائر سے متعلق میڈیا رپورٹس پر ناراضی کا اظہار کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کا خیال ہے کہ امریکی عسکری ذخائر میں کمی سے متعلق اطلاعات ایران کو حوصلہ دے سکتی ہیں اور تہران کو یہ تاثر مل سکتا ہے کہ واشنگٹن طویل جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں۔
امریکی صدر کے مطابق ایسی معلومات ایران کے ساتھ مذاکرات میں امریکا کی پوزیشن کو بھی کمزور کرسکتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب واشنگٹن تہران پر جوہری پروگرام کے حوالے سے اپنی شرائط تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے تحقیقات کا حکم حساس عسکری معلومات کے اخراج کو روکنے اور ایران جنگ کے دوران امریکی فوجی صلاحیتوں سے متعلق مزید معلومات منظر عام پر آنے سے روکنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments