ٹاؤن شپ پولیس حراست میں دو خواتین کی ہلاکت کیس میں اہم پیشرفت
لاہور: (دنیا نیوز) ٹاؤن شپ پولیس کی حراست میں دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ورثا نے دونوں خواتین پر تشدد کیے جانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
ورثا کے مطابق ہلاک ہونے والی دونوں خواتین کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے خواتین کی گرفتاری کی اطلاع دی، تاہم جب وہ تھانے پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ دونوں خواتین کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ورثا نے الزام عائد کیا کہ بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے انہیں ایک مقدمے کی کاپی دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دونوں خواتین کی ضمانتیں کروا لیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والی انمول اور آمنہ آپس میں رشتہ دار تھیں جبکہ انمول کی چار ماہ کی شیرخوار بچی بھی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لاشوں کا تاحال پوسٹ مارٹم نہیں ہو سکا، کیونکہ پوسٹ مارٹم کے لیے ورثا کا شناختی کارڈ لازمی ہے، جس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور ورثا کی جانب سے واقعے سے متعلق متضاد مؤقف سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments