گوگل کے چیف سائنسدان مستعفی، نئی اے آئی کمپنی بنانے کا اعلان
سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) گوگل کے چیف سائنسدان اور کمپنی کے 30ویں ملازم جیف ڈین نے تقریباً 27 سال بعد گوگل سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں اپنی نئی کمپنی قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
جیف ڈین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ گوگل میں اپنے طویل سفر کا اختتام کرتے ہوئے سنجے گھیموات، اوریول ونیالس اور کوک لے کے ساتھ مل کر ڈسکوری لوپ کے نام سے ایک نئی اے آئی کمپنی شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈسکوری لوپ ایک پبلک بینیفٹ کارپوریشن ہوگی جس کا مقصد مشین لرننگ، سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں خودکار نظام متعارف کرا کے نئی دریافتوں اور سائنسی ترقی کو تیز کرنا ہے۔
جیف ڈین نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے گوگل کو صرف 25 ملازمین والی کمپنی سے بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار ملازمین پر مشتمل عالمی ٹیکنالوجی ادارہ بنتے دیکھا، انہوں نے اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی چند سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اور مؤثر مصنوعات کی تیاری میں کردار ادا کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات رہی۔
دوسری جانب گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی نے اعلان کیا کہ گوگل ڈسکوری لوپ میں بانی سرمایہ کار کے طور پر شامل ہوگا، انہوں نے جیف ڈین اور ان کے شریک بانی سنجے گھیموات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
جیف ڈین 1999 میں گوگل میں اس وقت شامل ہوئے تھے جب کمپنی میں صرف 30 ملازمین تھے، اپنے تقریباً تین دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران انہوں نے گوگل سرچ کے بنیادی انفراسٹرکچر، ویب کرالنگ، انڈیکسنگ، سرچ سسٹمز اور بعد ازاں جیمنی سمیت گوگل کی جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
جیف ڈین کی رخصتی گوگل میں اعلیٰ سطح کی انتظامی تبدیلیوں کے دوران سامنے آئی ہے،ان تبدیلیوں کے تحت گوگل ڈیپ مائنڈ کے سربراہ ڈیمس ہسابس چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے جبکہ چیف ٹیکنالوجی آفیسر کورائے کاوکچو اوغلو کو سینئر نائب صدر مقرر کیا جا رہا ہے جو جیمنی ماڈلز اور دیگر اے آئی منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گوگل کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ماہرین کی رخصتی کا سامنا ہے، حالیہ مہینوں میں متعدد ممتاز اے آئی محققین دیگر بڑی کمپنیوں میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ گوگل کو اوپن اے آئی، مائیکروسافٹ، اینتھروپک، میٹا اور چین کی کمپنیوں ڈیپ سیک اور مون شاٹ سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments