آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری
مظفرآباد (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا۔
وزیراعظم کا انتخاب 27 اگست جمعرات کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہوگا، جبکہ نومنتخب وزیراعظم اسی روز شام کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
جاری شیڈول کے مطابق 27 اگست کو صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک وزیراعظم کے امیدوار کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، ساڑھے 10 بجے سے پونے 11 بجے تک کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، جبکہ صبح 11 بجے امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق صبح 11 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے، جس کے بعد دوپہر 12 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب دوپہر ساڑھے 12 بجے عمل میں لایا جائے گا جب کہ نومنتخب وزیراعظم شام 4 سے 5 بجے کے درمیان حلف اٹھائیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 32 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس 14 ووٹ ہیں، موجودہ عددی صورتِ حال کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار اور صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی وزیراعظم منتخب ہونے کی پوزیشن مضبوط ہے۔
اس سے قبل 24 اگست کو مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل چودھری طارق فاروق 32 ووٹ حاصل کرکے سپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جبکہ احمد رضا قادری بھی 32 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے۔
پیپلز پارٹی کے سپیکر کے امیدوار قاسم مجید کو 13 ووٹ ملے، جبکہ ڈپٹی سپیکر کے امیدوار عامر عبدالغفار لون نے بھی 13 ووٹ حاصل کیے، پیپلز پارٹی کا ایک ووٹ مسترد ہوگیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments