8 اسلامی ممالک کی غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت، مشترکہ اعلامیہ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جاری کارروائیوں اور مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ غزہ میں خلاف ورزیوں کا تسلسل اسرائیل کی بین الاقوامی قانون کے تحت ذمہ داریوں اور غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ اقدامات امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے جاری بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد فلسطینی دھڑوں نے روڈ میپ کو قبول کر لیا ہے، تاہم تازہ صورتحال سیاسی عمل کو سبوتاژ کرنے، کشیدگی کے نئے دور کو جنم دینے اور غزہ میں انسانی بحران کو مزید سنگین بنانے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔

8 اسلامی ممالک نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی ہلاکتیں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں، غزہ میں فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور طبی مراکز، طبی عملے اور امدادی کارکنوں کا ہر صورت تحفظ کیا جائے۔

مشترکہ اعلامیے میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے اور مبینہ سنگین خلاف ورزیوں پر اسے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

اعلامیے میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے انضمام یا فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہوئے اس مؤقف کا اعادہ کیا گیا کہ 1967 کی سرحدوں پر مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے میں دیرپا امن کا واحد راستہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...