بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کو معاشی چیلنجز کا سامنا، متعدد ایئرلائنز مشکلات سے دوچار

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کو حالیہ برسوں میں متعدد معاشی اور آپریشنل چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے باعث کئی ایئرلائنز مالی مشکلات سے دوچار ہوئیں جبکہ بعض نے اپنی سرگرمیاں بھی بند کر دیں۔

بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق ایوی ایشن انڈسٹری پر مہنگے فضائی ایندھن، بھارتی روپے کی قدر میں کمی اور عالمی جغرافیائی کشیدگی کے باعث بڑھنے والے اخراجات نے دباؤ میں اضافہ کیا ہے، جس سے فضائی کمپنیوں کے مالی معاملات متاثر ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران مالی خساروں اور آپریشنل مشکلات کے باعث متعدد بھارتی ایئرلائنز اپنی سرگرمیاں جاری نہ رکھ سکیں، ان مشکلات نے ملکی ایوی ایشن سیکٹر کی پائیداری سے متعلق سوالات بھی جنم دیے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو طویل پروازوں، اضافی ایندھن کے استعمال اور بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے اثرات ان کی مالی کارکردگی پر بھی مرتب ہوئے۔

دوسری جانب معروف بھارتی صحافی پالکی شرما نے بھی بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فضائی صنعت کو معاشی دباؤ، بڑھتے ہوئے اخراجات اور پالیسی فیصلوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

تاہم، مودی حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ ایوی ایشن کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، نئے ہوائی اڈوں کی تعمیر اور فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے، جبکہ ناقدین ان اقدامات کے باوجود صنعت کو درپیش مالی مشکلات پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...