اسحاق ڈار کی لندن میں کامن ویلتھ سیکریٹری جنرل سے ملاقات

لندن: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں کامن ویلتھ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوے سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں، موسمیاتی لچک، آفات سے نمٹنے، تجارت اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات مارلبورو ہاؤس لندن میں ہوئی، اسحاق ڈار نے کامن ویلتھ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کی حمایت کی۔

نائب وزیراعظم نے شرلی بوچوے کے وژن کی حمایت کا اظہار کیا اور نوجوانوں، موسمیاتی لچک اور معاشی ترقی کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بینکاری کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے کامن ویلتھ ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں پاکستان کی مہارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ کے رکن ممالک پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت کامن ویلتھ ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب قائم کرنے کی پاکستان کی پیشکش کا بھی اعادہ کیا۔

کامن ویلتھ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوے نے پاکستان کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور رکن ممالک میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون میں کامن ویلتھ سیکریٹریٹ کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے نوجوانوں کی ترقی کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے اور پاکستان کی کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز میٹنگ کی مشترکہ صدارت کے تحت نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

اسحاق ڈار نے کامن ویلتھ سیکریٹری جنرل کو مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور امریکا و ایران کے درمیان امن کے لیے پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔

شرلی بوچوے نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر پاکستان اور اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور تباہ کن تنازع سے بچنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...