سردار اویس لغاری سے ایرانی سفیر کی ملاقات، توانائی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں توانائی، تجارت اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے کہا کہ دوسری پاک۔ایران ٹرانسمیشن لائن پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جبکہ موجودہ 100 میگاواٹ بجلی فراہمی کے معاہدے میں توسیع کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تہران میں ہونے والے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی توانائی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ سی پی پی اے-جی، کیسکو اور این جی سی کی تکنیکی ٹیموں کو بھی تہران آنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ بجلی کی ادائیگیوں کا موجودہ طریقۂ کار اطمینان بخش ہے اور ایران اپنی تجارت کا بڑا حصہ پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے منتقل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحری راستوں کی بندش کے باوجود ایران نے پاکستان کی تجارتی ضروریات پوری کیں۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی جنگی صورتحال کے باعث توانائی کی قیمتیں متاثر ہوئیں، جن کے اثرات پاکستانی عوام نے بھی برداشت کیے، تاہم مشکل حالات میں بھی ایران کی جانب سے بجلی کی مسلسل فراہمی قابلِ تحسین رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ماہرین ایران جا کر بجلی کے نظام اور نیشنل گرڈ کا جائزہ لیں گے، جبکہ گوادر کی ترقی کے لیے مستحکم، قابلِ اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے، گوادر میں بجلی کے نظام کی پائیداری اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں ایران سے بجلی کی فراہمی اور دوطرفہ بجلی تجارت کی اہمیت مزید بڑھے گی، جبکہ قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری بھی دونوں ممالک کے لیے مستقبل کی اہم ضرورت ہے، عوام کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ملاقات میں زرعی اور غذائی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ چکے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...