نئے صوبوں کی امید، اہم شخصیات وزارت اعلیٰ کیلئے پرتولنے لگیں
سیاسی جماعتوں میں اثرو روسوخ کے حامل افراد، وزرا، ارکان اسمبلی کا اظہار دلچسپی ماضی میں پارٹی ڈسپلن ،لیڈر شپ کے خوف سے کبھی یہ خواہش زبان پر نہ لاسکے
لاہور (نامہ نگار خصوصی)نئے صوبوں کے قیام کا کوئی حتمی فیصلہ تو نہیں ہوا لیکن مختلف سیاسی جماعتوں میں اثرورسوخ کے حامل افراد وزرا و اراکین اسمبلی و سابق اراکین اسمبلی اور خصوصاً بڑے وسائل کے حامل افراد ابھی سے نئے صوبوں کی صورت میں وزارت اعلیٰ کے منصب کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔ جن کا یہ کہنا ہے کہ ہماری جماعتوں کے صوبوں کے حوالے سے تحفظات اپنی جگہ لیکن نئے صوبے یقینی بننے ہیں تو پھر وزارت اعلیٰ کے امیدوار وہ بھی ہوسکتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں موجود بڑی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جن کیلئے کسی بھی صوبہ کی وزارت اعلیٰ خواب ہی رہی ہے اور وزارت اعلیٰ کا منصب مخصوص خاندانوں اور پارٹی لیڈر شپ کے منظور نظر افراد کیلئے ہی مختص رہا ہے۔
مختلف پارٹیوں کی سرکردہ شخصیات کے دلوں میں وزارت اعلیٰ کے منصب کی حسرت موجود ہے مگر وہ اپنی پارٹی کے ڈسپلن اور اپنی لیڈر شپ کے خوف کی وجہ سے اپنی اس خواہش کو کبھی زبان پر نہیں لا سکے ۔ قومی سیاست میں دلچسپی رکھنے والے ایک سابق سینئر بیوروکریٹ کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ بہت مشکل ہے لیکن اگر اس حوالے سے فیصلہ اور اس پر پیش رفت شروع ہوتی ہے تو چاروں صوبوں میں درجنوں کی تعداد میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار اپنے علاقوں میں سرگرم دکھائی دیں گے ۔مذکورہ ذرائع کے مطابق خوف اس بات کا ہے کہ نئے مجوزہ صوبوں کے وجود میں آنے کے بعد بھی اگر وزارت اعلیٰ اشرفیہ اور مافیا کے نمائندوں کے پاس چلی گئی تو یہ بڑی قومی اور سیاسی بدقسمتی ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments