عبداللہ طاہر قتل کیس ،دھمکی آمیز کال کی ریکارڈنگ مل گئی
احمد اور ذوالفقار مہیس کو علی نامی شخص نے ریت کا ٹھیکہ لینے سے منع کیا ملوث شوٹرز کی ارسلان ، سکندر اور ذیشان کے ناموں سے شناخت:ذرائع
لاہور(کرائم رپورٹر)پی ٹی آئی کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں نئی پیش رفت سامنے آگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ لینے سے باز رہنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں،عبداللہ طاہر اور ان کے قریبی دوست ذوالفقار مہیس کو کی گئی دھمکی آمیز آڈیو کال کی ریکارڈنگ تفتیشی ٹیم کو مل گئی ۔ ریکارڈنگ کے مطابق عبداللہ طاہر کے منیجر احمد اور ذوالفقار مہیس کو علی حسن بٹ نامی شخص نے فون کر کے نارووال میں ریت کا ٹھیکہ نہ لینے کی تنبیہ کی۔ذرائع کے مطابق کال کرنے والے نے خود کو زمان عرف کوگی بٹ کا آدمی ظاہر کرتے کہا کہ نارووال میں ریت کا ٹھیکہ صرف زمان کوگی بٹ ہی چلائے گا، اگر ٹھیکے کی بولی دی تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے ، بچوں کی جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں واردات میں ملوث تینوں شوٹرز کی شناخت ارسلان جٹ، سکندر اور ذیشان کے ناموں سے ہو گئی ، مرکزی ملزم ارسلان دونوں شوٹرز کو گاڑی میں لاہور لایا، سکندر اور ذیشان نے کلینک میں عبداللہ طاہر کو فائرنگ کرکے قتل کیا،واردات کے بعدتینوں علاقہ غیر فرار ہو گئے ، ان کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی ٹیم وزیرستان موجود ہے ۔ذرائع کے مطابق عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کرنے والی ٹک ٹاکر ماریہ بھی ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments